لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے ہوتے ہوئے اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔ یہ لوگ ہمیں نیوٹرل امپائر سے نہیں ہرا سکتے، یہ امپائر کو ساتھ ملا کر ہمیں شکست دینے کی کوشش کریں گے۔
ضمنی الیکشن کے حوالے سے لاہور کے حلقے پی پی 158 کے علاقے دھرمپورہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ دھرم پورہ میں پہلی بار آیا ہوں، میں نے26سال چند لوگوں کے ساتھ سیاست شروع کی، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، ان لوٹوں کو ہم نے شکست دینی ہے، نوجوانوں یہ الیکشن ہم نے جیتنا ہے،یہ کوئی اقتدار کی نہیں بلکہ ہم سب کی جنگ ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوٹوں کو ہم نے شکست دینی ہے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے ہوتے ہوئے اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں،نوجوان یہ الیکشن ہم نے جیتنا ہے۔ یہ لوگ30سال سے ملک پر ڈاکے مار رہے ہیں، ہم نے ان غداروں کا مقابلہ کرنا ہے، اڑھائی سال سے کوشش کرتا رہا کہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں، ہم نے ای وی ایم بنائی، الیکشن میں شفافیت کے لیے اقدامات اٹھائے، یہ آئے تو ای وی ایم کا خاتمہ کیا، الیکشن کی شفافیت کے راستے بند کر دیئے، ای وی ایم مشین استعمال سے دھاندلی ختم ہو سکتی ہے، بھارت اور ایران میں ای وی ایم مشین استعمال ہو رہی ہے، آپ نے آخری گیند تک مقابلہ کرنا ہے ہار نہیں ماننی، اس الیکشن میں خواتین کا بہت بڑا کردار ہوگا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے، ملک کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کرنا جہاد ہے، کوئی طاقت اس تبدیلی کو روک نہیں سکتی، یہ لوٹے پیسے کے پجاری ہیں ان کو ہم نے شکست دینی ہے۔یہ لوگ ہمیں نیوٹرل امپائر سے نہیں ہرا سکتے، یہ امپائر کو ساتھ مل کر شکست دینے کی کوشش کریں گے، عبد القادر میرے ساتھ تھا جب 1988ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا، وہ واحد دورہ تھا بھارت کے اپنے امپائر ہوتے ہوئے پھینٹا لگا کرآئے تھے، وہ وقت پھر آ گیا ہے امپائرز کے ساتھ ہم نے ان کو پھینٹا لگانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے الیکشن میں ان لوٹوں اور حمزہ ککڑی کو شکست دینی ہے، آپ لوگوں نے گراؤنڈ میں اپنی پوری کوشش کرنی ہے اور ہار نہیں ماننی، آخر میں کامیابی اللہ دیتا ہے، ہم نے اللہ سے کامیابی کی دعا کرنی ہے، آپ لوگوں نے ایک ایک گھر جانا ہے اور بتانا ہے یہ سیاست نہیں جہاد ہے، یہ امریکا میں بیٹھ کر کچھ بھی کریں، امیریکا تمہارے سے بڑی سپر پاور اوپر ہے، امریکا! ہم آزاد قوم ہیں اوکر اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، شریف برادران اور زرداریوں کا قبلہ واشنگٹن ہے، ان کا پیسہ ان ممالک کے بینکوں میں پڑا ہے اس لیے ڈرتے ہیں، یہ لوگ روس سے سستا تیل خریدنے سے ڈرتے ہیں کیونکہ امریکا سے ڈرتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت روس سے تیل خرید کر اپنی عوام کو کم قیمت پر تیل فروخت کر رہا ہے، یہاں امریکا کے خوف سے تیل کی قیمتیں آسمانوں پر ہے، لوگ روز مہنگائی کے دلدل میں دھنس رہے ہیں یہ لوگ خوفزدہ ہوتے ہیں کہیں امریکا ناراض نہ ہو جائے، زرداری اور شریف ڈالر کو سجدے کرتے ہیں ان کا خدا واشنگٹن ہے، 17 جولائی کو 20 ضمنی انتخاب ہیں انشاء اللہ تمام نشستیں جیتیں گے، کئی سستے لوٹے اور کئی مہنگے ہیں، سیاستدان ووٹ لیکر ضمیر بیچ دیتا ہے ،تو قوم پر لازم ہے لوٹوں کو شکست دیں، پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب تھا، اس خواب میں یہ لوٹے، امریکی غلام، چیری بلاسم بوٹ پالش آ گئے، ہم نے ان پیسوں کی پوجا کرنے والوں کو شکست دینی ہے۔
ضمنی الیکشن، ن لیگ 10،10 ہزار روپے میں ووٹ خرید رہی ہے: عمران خان
اس سے قبل ضمنی انتخاب کے حوالے سے شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 140 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرا خاندان سیاست میں نہیں تھا، میں گھر سے اکیلا نکلا تھا آہستہ آہستہ قافلہ بڑھتا گیا، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو سارے پاکستان میں ہے، مجمع دیکھ کر اپنے امیدوار کو مبارک دیتا ہوں وہ الیکشن جیت گئے ہیں، کوئی لوٹا آپ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، کسی رنگ کا لوٹا اس جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتا، لوٹوں پر بڑے نوٹ خرچ کیے جا رہے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حمزہ شہباز کے ساتھ مل کر لوٹوں کو ضمنی الیکشن جتوانے کی کوشش کر رہا ہے۔ حمزہ شہباز جو مرضی کر لو یہ الیکشن نہیں جیت سکتے۔ اپنے کارکنوں کو ہدایت دیتا ہوں ٹیم بنا کر میدان میں نکلیں تو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔کسی بھی رنگ کا لوٹا جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پوری طرح جانبدار ہے، شیخوپورہ میں اپنے امیدوار خرم کو کہتا ہوں ووٹ لینے کے لیے آپ نے گھر گھر جانا ہے۔ مجھ پر 15 کے بجائے 15 ہزار ایف آئی آرز بھی درج کروا دیں میں پیچھے نہیں ہٹوںگا، کسی رنگ کسی سائز کا لوٹا آپ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، سوشل میڈیا وکرز کو ڈرا رہے ہیں گھروں سے پکڑ رہے ہیں، عمران ریاض، ایاز امیر جیسے باضمیر صحافیوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ حلقوں میں دس دس ہزار روپے تقسیم کر رہی ہے، لوگوں کو کہتا ہوں پیسے ان سے بے شک لینا اور بلے پر ٹھپہ لگا دینا، 25 مئی کو جو بھی واقعات میں افسران و اہلکار ملوث ہیں ایک ایک کا نام نوٹ کیا ہے، جب ہماری حکومت آئے گی ایک ایک کا احتساب کریں گے، آئی جی اور چیف سیکرٹری آپ ایماندار تھے اس لیے آپ کی تعیناتی کی، آپ لوگ جو حمزہ ککڑی کے ساتھ مل کر کر رہے ہیں اس کا حساب ہو گا، الیکشن میں آپ جتنی بھی غیر قانیونی چیز کر رہے ہیں اتنا ہی قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، قوم آپ کو اب بخشے گی نہیں کیونکہ اب پاکستان بدل گیا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ چین نے 35 سال میں 70 کروڑ افراد کو غربت کی لکیر سے نکال دیا۔ یہ کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کررہے ہیں، انہیں کسی بھی طرح چوری کا پیسہ چاہیے، ان کے پیسے مغربی بینکوں میں پڑے ہوئے ہیں، لندن میں بڑے محلات ہیں، پیسے کی خاطر یہ اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں، مغربی بینکوں اور آف شور کمپنیوں میں ان کے پیسے پڑے ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہوتے ہوئے ہمارے ملک میں ڈرون حملے ہوئے، ان کی ایک بار بھی جرات نہیں ہوئی کہ امریکا کو ڈرون حملوں سے منع کریں، یہ کبھی اپنے مفادات کیلئے ملک کی خاطر کھڑے نہیں ہوں گے، ان چوروں کی وجہ سے پاکستان ایک عظیم اور خوددار ملک نہیں بن سکا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ میں کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کر کے بھارت سے دوستی نہیں کر سکتا، ہم بھی امریکا سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر غلامی نہیں چاہتے، ہندوستان میں مجھے جتنی عزت ملی شاید ہی کسی پاکستانی کو ملی ہو، میں بھی چاہتا ہوں کہ ہندوستان سے دوستی ہو، کشمیری کی قربانیوں کی قبر پر ہندوستان سے دوستی نہیں کر سکتا، امریکا کہتا ہے روس نہ جاؤ، امریکا سے پوچھتا ہوں روس نہ جانے کا منع کرنے والے تم کون ہوتے ہو۔ ہندوستان امریکا کا اتحادی ہے، امریکا کا اتحادی ہوتے ہوئے ہندوستان روس سے 30 فیصد سستا تیل خرید رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کا نام سن کر ان کی کانپیں ٹانگنے لگ جاتی ہیں، امریکا میں کوئی ضمانت پر ہو تو اسے چپڑاسی بھی نہیں رکھتے، یہاں ضمانت پر ہونے والے شخص کو وزیراعظم اور بیٹے کو وزیراعلیٰ بنا دیا، امریکا نے 22 کروڑ عوام کی توہین کی ہے۔
سابق وزیراعظم نے موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے باعث کسان بہت پریشان ہے اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے صنعت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ مغربی بینکوں اور آف شور کمپنیوں میں ان چوروں کے پیسے ہیں جنہیں بچانے کےلیے یہ این آر او لے رہے ہیں۔
بات چیت کیلئے دروازے کھلے،آرمی چیف کی تقرری میرا ایشو نہیں رہا: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہمارے دروازے بات چیت کیلئے کھلے ہیں، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا۔
سینئر صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر ایک سے الیکشن پر بات کرنے کو تیار ہیں ، جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں، بات صرف الیکشن پر ہو سکتی ہے، جن کو مسلط کردیا گیا ہے ڈر ہے وہ ملک کا کیا حال کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی نہیں بلکہ ملک کی فکر ہے، آج عوام جن مشکلات سے دوچار ہے انکے لیے آواز بلند کررہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ میں اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا ، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا، سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوان میرے بچوں کی طرح ہیں، معیشت اور ملک کے ہر بحران کا بہتر حل الیکشن ہیں۔
پارٹی عہدیداران ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں:عمران خان کی ہدایت
سابق وزیراعظم سے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری نے بھی الگ سے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی عہدیداران نے عمران خان کو ضمنی انتخاب کے بارے میں بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں انتظامی مداخلت جاری ہے، پولیس اور ترقیاتی اداروں کا لوٹے امیدواروں کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو متعدد شکایات بھیجی ہیں کوئی ایکشن نہیں ہوا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی چیئر مین نے پارٹی عہدیداران کو ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، 17جولائی کو عوام بلے پر مہر لگائیں گے، امپورٹڈ حکومت کی معاشی ناکامیوں نے عوام کا برا حال کر دیا ہے، کرپٹ حکمران صرف اپنے کیسز کی فائلیں بند کر رہے ہیں۔