لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام لوٹوں اور ان کے خرید اروں کو نشان عبرت بنا دیں گے، آج ظالموں اور متکبروں کا تختہ الٹ جائے گا، ن لیگ پنجاب میں قصہ پارینہ بن جائے گی۔
ضمنی انتخاب کے موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کا بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان کا ویژن ،انتھک محنت اور اسٹریٹجی انشااللہ اج رنگ لائے گی۔ قوم جان چکی ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ہی ملک موجودہ سیاسی چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتا ہے، عمران خان نے جرات سے نااہل حکمرانوں کو للکار کر غریب عوام کی آواز بلند کی، 3 ماہ سے عوام پر پیٹرول، بجلی اور گیس کے بم گرانے والی امپورٹڈ حکومت سے عوام آج حساب لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اج اپنے ووٹ کی طاقت سے پنجاب کی غیر قانونی حکومت کا خاتمہ کر دیں گے، عوام کا فیصلہ آنے کی دیر ہے، ن لیگ پنجاب میں قصہ ء پارینہ بن جائے گی، الیکشن کمیشن نے پارسائی کے دعوے تو بہت کیے ہیں، لیکن اس کا امتحان آج ہو اہے ، تمام ملکی اور غیر ملکی سروے اور میڈیا رپورٹیں پی ٹی آئی امیدواروں کی کامیابی کی پیشگوئی کر چکی ہیں۔