پی ٹی آئی کے واثق قیوم عباسی بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

Published On 30 July,2022 05:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار واثق قیوم عباسی بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔

گزشتہ شب ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو گئی تھی جس کے بعد ڈپٹی سپیکر کی نشست خالی ہوگئی تھی۔

پی ٹی آئی نے ڈپٹی سپیکر کیلئے واثق قیوم عباسی کو امیدوار نامزد کیا تھا اور انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، مسلم لیگ ن، پی پی اپوزیشن اتحاد نے علی حیدر گیلانی کو پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ 

مسلم لیگ ن کے رہنما پیر اشرف رسول نے اپوزیشن کے امیدوار علی حیدر گیلانی کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے لیکن جمع نہیں کرائے جاسکے۔ اس کے نتیجے میں ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار علی حیدر گیلانی انتخاب کی دوڑ سے ہی باہر ہوگئے اور پی ٹی آئی حکومتی اتحاد کے واثق قیوم عباسی بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر بن گئے۔

واثق قیوم عباسی

ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما واثق قیوم عباسی نے کہا کہ اللہ جسے چاہے عزت اورذلت دے، اپوزیشن کی طرف سے کوئی بھی امیدوارسامنے نہیں آیا،پنجاب کی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا، امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا تھا،فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔کل کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر کی حلف برداری ہو گی۔

راجہ بشارت

راجہ بشارت نے کہا کہ ساڑھے پانچ بجے تک سیکرٹری اسمبلی کے کمرے میں رہے،ساڑھے پانچ بجے تک کوئی بھی امیدوارکاغذ جمع کرانے نہیں آیا،بلامقابلہ ہمارا جیتنا عمران خان کے بیانیے کی جیت ہے۔ انہیں اپنی شکست نظرآرہی تھی، عمران خان کے بیانیے کے بعد پنجاب میں کامیابیوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے،یکے بعد دیگرے ہمیں کامیابیاں مل رہی ہیں،نومنتخب ڈپٹی اسپیکرواثق قیوم انتہائی صلاحیتوں کے مالک ہیں،ہم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں،ہم نے عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب اسمبلی کوچلانا ہے۔

واثق قیوم عباسی نے 2018ء  کے الیکشن میں پی پی 12 راولپنڈی 7 سے سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کو بھاری ووٹوں سے شکست دی تھی۔ واثق قیوم عباسی نے 27 ہزار 315 جبکہ ان کے مدمقابل  نثار علی خان نے 11 ہزار 99 ووٹ حاصل کیے تھے۔

Advertisement