اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف سیاسی اور قانونی محاذ پر سخت فیصلے لینے پر اتفاق کرلیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سیاسی اور قانونی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں، قانونی کمیٹی نے فوری طور پر کام شروع کر دیا، قانونی کمیٹی الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی کیخلاف قانونی کارروائی تجویز کرے گی، کمیٹی میں تمام جماعتوں کے قانونی ماہرین شامل ہونگے۔
پی ڈی ایم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی کمیٹی سیاسی محاذ پر اقدامات تجویز کرے گی، الیکشن کمیشن کے فیصلے پر قانونی کمیٹی کی رائے کی روشنی میں کابینہ سے کارروائی کی منظوری لی جائیگی۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس بدھ کو بھی ہوگا۔
عمران خان یہود سمیت عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے: مولانا فضل الرحمان
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج کے الیکشن کمیشن کے فیصلے نے میرے 2010 سے اپنائے گئے موقف پر مہرِ تصدیق ثبت کردی، عمران خان یہود سمیت عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج ثابت ہوگیا کہ عمران خان یہود سمیت عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلے پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور اسکی پارٹی غیر ملکی طاقتوں کے ایجنڈے پر ہے، پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈز پر پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آج عمران خان کو عالمی چور، منی لانڈر، جھوٹا، بد دیانت اور پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنے والا ثابت کردیا ہے، حکومت کو فوری طور پر اسکی تاحیات نااہلی اور اسکی پارٹی کو بین کرنے کی کارروائی شروع کرنی چاہیے۔
بلوچستان میں آرمی ہیلی کاپٹر واقعے پر فوجی جوانوں کی شہادت پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں کی شہادت پر دل رنجیدہ ہوا، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، بریگیڈیئر امجد حنیف سمیت جہاز میں سوار تمام 6 افسران و سپاہیوں کی شہادت قومی سانحہ ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شھداء کے لواحقین کے ساتھ غم میں شریک ہے، پاک فوج کے افسران نے قوم کی خدمت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حالیہ سیلابی صورتحال می ملک بھر میں پاک فوج کے جوانوں کی امدادی کارروائیوں میں خدمات قابل تحسین ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
ایک بار پھر ثابت ہوگیا، عمران خان مصدقہ جھوٹے ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہوگیا، عمران خان مصدقہ جھوٹے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے کہ انہوں نے جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے اور غیرقانونی غیرملکی فنڈنگ وصول کرکے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی۔
پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے، وہ ایک بار پھر جھوٹے ترین شخص ثابت ہوئے ہیں، قوم کو غیرملکی فنڈنگ کے سیاسی اثرات پر غور کرنا چاہیے۔
قوم کوغلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا: مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا۔
تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ عمران خان بیرونی طاقتوں سے پیسہ لیتا رہا اور اس پیسے کو ملک میں فتنہ فساد کیلئے خرچ کرتا رہا۔
انہوں نے عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس بیرونی ایجنٹ کو پاکستان کی ترقی روکنے، سی پیک کے خاتمے کیلئے لانچ کیا گیا تھا۔ سرشرم سےجھک گیا۔