اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوم استحصال کشمیر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں، شرکا نے بھارتی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کشمیریوں کو آزادی دینے کا مطالبہ کیا۔
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں بھارتی غاصب حکومت کے خلاف ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ریلی نکالی گئی جس میں میں وزیردفاع خواجہ آصف، مشیر وزیراعظم قمر زمان کائرہ کے علاوہ وزارت خارجہ حکام اور عملے سمیت دیگر نے شرکت کی۔
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھارت کے خلاف شدیداحتجاج کیا گیا۔دارالحکومت میں یوم استحصال کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیربھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن دفتر تک مارچ کیا۔
کراچی میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ایسٹ کے تحت مزارقائد سے ریلی نکالی گئی جس میں وزیر محنت سندھ سعید غنی شریک ہوئے، اس موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، صوبائی وزرا گیان چند، مشیر وزیر اعلٰی سندھ رسول بخش اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ریلی کے اختتام پر سکول کے بچوں اور بچیوں نے قومی نغمے پیش کئے۔
بہاولپور میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیر یکجہتی ریلی نکالی گئی، ڈاکخانہ چوک سے فریدگیٹ تک نکالی گئی ریلی کی قیادت کمشنر بہاولپور اور ڈی سی بہاولپورنے کی ۔ ریلی میں سکولوں کے بچوں کی کثیر تعدار نے شرکت کی۔
جہلم میں یوم استحصال کشمیر ریلی ڈی سی آفس سے وائے کراس تک نکالی گی ۔ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ریلی میں سول ڈیفنس،ریسکیو 1122،محکمہ صحت ،محکمہ تعلیم سمیت سماجی تنظیموں اور شہریوں نے شرکت کی۔ استحصال کشمیر ریلی میں شرکاء نے پلے کارڈ اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا کہ کشمیریوں سے ہمارا رشتہ بہت پرانا ہے جو قیامت تک قائم رہے گا۔