کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مون سون کی حالیہ بارشوں میں شہر کے روڈ انفراسٹرکچر کوشدید نقصان پہنچا، انتظامیہ کی کارکردگی کے تمام پول کھل گئے۔ مسائل کے حل کے لیے بنایا جانے والا نیا ضلع کیماڑی ہو، کورنگی، شرقی یا پھر ملیرسب ہی جگہ صورتحال بدترین ہے۔
چودہ سال سے سندھ پرراج کرنے والی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت جس کی خراب کارکردگی حالیہ برسات میں ایک بار پھرسامنے آ گئی۔ ابر رحمت برسی تو دہرے معیار کی بنی سڑکیں بہہ سی گئیں۔ نام تھا کہ مسائل حل کیے جائیں گے ، اسی لیے نیاضلع کیماڑی بنا لیکن حالات بہتر نہیں ہوئے۔
کیماڑی ہی نہیں، کورنگی، ملیر، اور ضلع شرقی کی بیشتر ٹوٹی پھوٹی شاہراہیں شہریوں کو مہروں ہڈیوں سمیت مختلف تکالیف میں مبتلا کر رہی ہیں۔
چاروں اضلاع میں شاہراہوں کی تعمیر ومرمت کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز درکار ہیں لیکن شہری کہتے ہیں جب تک حکمرانوں کی نیت نیک نہ ہو تو مسائل حل نہیں ہو سکتے۔