اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس کے دوران ریسکیو اور ریلیف کے کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متاثرین کیلئے مختص فنڈز بحالی پروگرام کی جلد تکمیل کیلئے فوری خرچ کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں صوبائی حکومتوں سے مل کر کام کر رہے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ امدادی رقم سیلاب متاثرین پر خرچ ہونی چاہیے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں سیلاب اوربارشوں کی وجہ سے اموات کی کل تعداد 549 جبکہ زخمیوں کی تعداد 628 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زخمیوں میں کوئی بھی تشویش ناک حالت میں نہیں۔سیلاب اور بارشوں کے باعث 46،219 مکانات کو نقصان پہنچا ،متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
این ڈی ایم اے کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 30 سالہ اوسط ریکارڈ کے مقابلے میں ملک بھر میں 133 فیصد سے زائد بارشیں ہوئی ہیں۔ پنجاب میں 101 فیصد، خیبرپختونخواہ میں26 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔ بلوچستان میں 305فیصد اور سندھ میں 218 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ گلگت بلتستان میں68،آزاد جموں کشمیر میں9 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں سیلاب اور بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں11 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ سیلاب متاثرین کیلئے فی کس 10 لاکھ کے امدادی چیک کی ترسیل جاری ہے۔