بارشوں میں سندھ حکومت کی کوششیں قابل ستائش ہیں: بلاول بھٹوز رداری

Published On 01 August,2022 10:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حالیہ ریکارڈ بارشوں کے دوران سندھ حکومت کے نمائندوں کا عوام میں رہ کر مسائل کے حل کی کوششیں قابل ستائش ہے۔

بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی بی بی فریال تالپور بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے موقع پر پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، پی پی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب، واٹر بورڈ کے وائس چیئرمین نجمی عالم، صوبائی وزیر ساجد جوکھیو، نعمان شیخ، سلمان عبداللہ مراد، کرم اللہ وقاصی اور خلیل ہوت بھی موجود تھے۔

اس موقع پر بلاول کو سندھ حکومت کے نمائندوں نے بارشوں کے بعد کی صورت حال اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حالیہ رکارڈ بارشوں کے دوران سندھ حکومت کے نمائندوں اور پی پی پی رہنماؤں کا عوام کے درمیان رہ کر مسائل کے حل کی کوشش قابل ستائش ہے۔ وفاقی حکومت قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے ملک بھر کے عوام کی مدد کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ پی پی پی عام آدمی کی جماعت ہے، مصیبت میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
 

Advertisement