یوم عاشور پر ملک بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، ڈبل سواری پر پابندی

Published On 09 August,2022 10:57 am

لاہور: (دنیا نیوز) یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جلوسوں کے روٹس پر موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے جبکہ کئی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

کراچی، اسلام آباد ، پشاور ، کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیئے گئے ہیں جب کہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کرکے آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکثر اضلاع میں صبح 6 بجے سے جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رکھی گئی ہے۔

پنجاب،، سندھ اور خیبرپختونخوا، بلوچستان کے حساس شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم مریضوں، بزرگوں ، خواتین اور بچوں کو پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
 

Advertisement