کوئٹہ: (دنیا نیوز) کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور صوبائی مشیر داخلہ نے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور محرم الحرام میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور صوبائی مشیر داخلہ ضیاء لانگو نے کوئٹہ میں سنٹرل پولیس آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا اور عاشورہ کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ ،آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان میں محرم الحرام کی سکیورٹی کے لئے پولیس اور لیویز کے 20 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج اور ایف سی کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے حساس اضلاع میں سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے بھی جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے، ڈویڑنل اور اضلاع کی سطح پر بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں، کوئٹہ میں دسویں محرم پر 15 جلوس اور آٹھ مجالس منعقد ہونگے جن کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے 5ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
اس موقع پر کمانڈر 12 کور اور صوبائی مشیر داخلہ نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی تعریف کی۔
مشیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا کہ انتظامیہ ،پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں، تمام سیکیورٹی اداروں کے درمیان اشتراک کار کاایک مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔