اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں اغواء کیا گیا ہے، اگر اس نے کوئی قانون توڑا ہے تواسے صفائی کا موقع تودیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ شہباز گل کی گرفتار شرمناک حرکت ہے، کیا ایسی حرکتیں جمہوریت میں ہوسکتی ہیں، شہبازگل کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا جارہا، یہ سب بیرونی قوتوں کی حمایت یافتہ حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے ہے۔
شہباز گل کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے ایسا تو بنانا ری پبلک میں بھی نہیں ہوتا
دوسری طرف نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہبازگل کی گاڑی کے شیشے توڑدیئے ایسا تو بنانا ری پبلک میں بھی نہیں ہوتا،شہبازگل نے اگرکوئی قانون توڑا ہے تو اسے صفائی کا موقع تودیں، اگرمعاشرے میں اس طرح ہوگا تو پھرجنگل کا قانون بن جائے گا،یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے،اب بات سیاست کی نہیں یہ جہاد ہے،ایک آزاد ملک میں پیدا ہوا تھا غلام نہیں رہ سکتا،آزادی کے لیے کوئی بھی قربانی دینی پڑی تیارہوں۔
عمران خان نے کہا کہ کربلا میں دنیا کی سب سے بڑی قربانی دی گئی،راہ حق میں سرنہیں جھکاتے،غلاموں کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی،بیرونی سازش کے ذریعے ہمارے اوپرچوروں کومسلط کر دیا گیا، ہمارے سامنے دوراستے ہے کیا ہم غلامی کے سامنے سر جھکا دیں یا پھر جدوجہد کریں، گرفتاریاں تومعمولی باتیں ہیں۔ جمہوری معاشرے میں اس قسم کی حرکتیں نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا ملک میں کسی کوکسی کا کوئی خوف نہیں؟ 25مئی کوبھی خواتین اوربچوں پرظلم کیا گیا،طاقت ورکچھ بھی کرے اسے کچھ نہیں کہا جاتا اورکمزورکوجیل ڈال دیا جاتا ہے، ملک کونقصان نہیں پہنچانا چاہتا،آئین وقانون کے مطابق جدوجہد کرونگا، جب تک زندہ ہوں حقیقی آزادی کی جدوجہد کرتا رہونگا۔
حکومت کے دن گنے جا چکے، ڈرنے والے نہیں
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ عوام کی طاقت ہمارے ساتھ، کسی سے ڈرنے والے نہیں۔
سابق وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران بابر اعوان، شیریں مزاری، اسد عمر، مراد سعید سمیت دیگر رہنماؤں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ڈاکٹر شہباز گل کی گرفتاری اور موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا، موجودہ صورتحال میں حکمت عملی پر مشاورت کی گئی جبکہ قانونی ٹیم کی رہنماؤں کی گرفتاریوں پر عدالت سے رجوع کرنے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے ایف آئی سے شہباز گل کی گرفتاری کی تفصیلات مانگ لیں اور ایف آئی آر کی کاپی فراہم کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی کی حکمت عملی پر مشاورت اور پی ٹی آئی قانونی ٹیم کی رہنماوں کی گرفتاریوں پر عدالت سے رجوع کرنے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔فیصل چودھری گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے مقدمے میں معاونت کریں گے۔
تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی مشاورتی بیٹھک میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو کسی بھی کال کے لئے تیاررہنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ کارکنان کو ہر گھڑی اور وقت ایک کال پر باہر آنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر حکومت نے عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کی تو ہر فارم پر شدید و سخت ردعمل دیا جائے گا، انتقامی کارروائی کا بھرپور سیاسی اور قانونی محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شہباز گل کی گرفتاری اور نئی صورت حال کے بعد عمران خان تیرہ اگست کو آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کارکنان کو کچھ اہم ہدایات کریں گے۔
13 اگست کا جلسہ ہر صورت ہو گا، بھرپور تیاری کریں: عمران خان
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ حکومت فاشزم پر اتر آئی ہے، سیاسی کارکنان کے ساتھ غیر جمہوری رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، حکومت کے فاشسٹ رویہ کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، عوام کی طاقت ہمارے ساتھ، کسی سے ڈرنے والے نہیں، امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔13 اگست کا جلسہ ہر صورت ہوگا، بھرپور تیاری کریں۔
اعظم سواتی، فیصل چودھری
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کون سے ایسے جرائم کئے ہیں شہباز گل نے جو اس کی گاڑی توڑی گئی اور تشدد کیا گیا، آج سارا میڈیا سوائے اس کے جو بک گیا ہے آزادی اور سالمیت کی جنگ لڑ رہا ہے، بغاوت اور دہشت گردی کیا جو بھی الزام دیں گے ہمیں قبول ہو گا، آج جس طرح سے ریاستی دہشتگردی کی گئی ہے اس نے پاکستان بننے کی یاد تازہ کر دی۔
انہوں نے کہا کہ اپنی کرپشن اور منی لاڈرنگ چھپانے کے لئے آپ نے جو کچھ کیا اس کا حساب دینا پڑے گا، اس سے پہلے بھی ڈکٹیٹر طرح طرح کے کام کر رہے تھے ہم نے دیکھا، جس طرح عمران خان اپنے کارکنان کو کال دیں گے سب حاضر ہوں گے، ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے، ہم عمران خان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہیں۔
فیصل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے کپڑے پھاڑے گئی، نامعلوم لوگ آئے اور لے گئے، ہم اس اغوا کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے جا رہے ہیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کریں گے۔ 5مختلف تھانوں کے چکر لگانے کے بارجود شہباز گل کا پتہ نہیں دیا گیا اور ہر تھانے سے گرفتاری سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔
اس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے ایک ظالم کی فوج جو تعداد میں ان سےکہیں بڑھ کرتھی، کا سامنا کرتے ہوئے باطل (جھوٹ) کیخلاف حق و سچ پر ڈٹ جانے کی پاداش میں کربلا میں اپنے اہلِ بیت اور ساتھیوں سمیت جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ظلم اور جھوٹ کیخلاف حق و انصاف کی سربلندی کیلئے سرگرداں تمام افراد کیلئے یہ عظیم ترین قربانی ایک متاثر کن مثال، مینارۂ نور ہے۔