بنی گالہ پر چھاپہ مارا گیا تو جاتی امرا اور لیگی قیادت کے گھر دور نہیں ہیں: فواد چودھری

Published On 13 August,2022 07:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو انتباہی انداز میں کہا ہے کہ بنی گالہ پر چھاپہ مارا گیا تو جاتی امراء اور لیگی قیادت کے گھر دور نہیں ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کے خلاف تحقیقات شروع ہوگئی ہیں، واقعات میں جو پولیس افسران ملوث تھے، عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ کچھ کی گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے 25 مئی کے لانگ مارچ کے دوران پیش آنے والے واقعات میں رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کو تفتیش میں شامل کیا جارہا ہے اگر یہ لوگ اسلام آباد میں چھپ کر بیٹھے رہیں گے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا انہیں کردار کی وضاحت کرنی چاہیے۔ سڑکوں پر آئے تو حکومت پانچ دن بھی نہیں چل پائے گی۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا فائدہ سیاسی استحکام میں ہے، اس وقت ملک کی کوئی معاشی پالیسی نہیں، مہنگائی کی شرح 39 فیصد تک ہوچکی ہے، پٹرولیم مصنوعات اور خوردنی تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں کمی ہوئی ہے لیکن فائدہ پاکستانیوں کو نہیں ہورہا۔ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ عمران خان اس وقت قوم کی امیدوں کے مرکز ہیں، عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ہم حقیقی آزادی کا خواب پورا کریں گے۔ اس کا آخری مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تلخیاں بڑھانا بہت آسان ہے لیکن ہمیں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے، یہ بات مسلم لیگ (ن) کی سمجھ میں جتنی جلدی آجائے اتنا اچھا ہے۔ اگر بنی گالہ پر چھاپے مارنے کی بات کی جائے گی تو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے گھر بھی زیادہ دور نہیں۔ جب تک سیاسی جماعتوں کے درمیان فاصلے کم نہیں ہوتے اس وقت تک پاکستان میں استحکام نہیں آئے گا، یہ اس وقت ہوگا جب شہباز شریف عام انتخابات کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کا اعلان ہمارے ہاتھ میں ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ یہ سارا عمل ایک فریم ورک کے تحت ہو، ہم فساد کے بغیر انتخابات میں جانا چاہتے ہیں، اگر سڑکوں پر آئے تو حکومت 5 دن میں چلی جائے گی۔
 

Advertisement