توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس سے جاری شوکاز نوٹس عمران خان کی رہائش گاہ پربھجوایا گیا ہے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے خاتون جج کے بارے میں توہین اور دھمکی آمیز تقریر کی، انہوں نے تقریر اس وقت کی جب کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا۔
نوٹس کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے توہین اور دھمکی آمیز تقریر من پسند فیصلہ لینے کے لیےکی، انہوں نے تقریر کے ذریعے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی، عمران خان 31 اگست کو پیش ہو کر بتائیں کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فل کورٹ بینچ آئندہ 31 اگست کو عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا۔