لاہور:(دنیا نیوز) چیئر پرسن پنجاب احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے امدادی کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بنک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود، ڈی جی آپریشنز پی آئی ٹی بی فاروق یوسف سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے جمع کی گئی امدادی رقوم کی تقسیم کیلئے سیلاب زدگان کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا، رجسٹریشن کے بعد امدادی رقوم کی فراہمی کے حوالے سے میکانزم پر بھی گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنک آف خیبر اور بنک آف پنجاب کے تعاون سے امدادی رقوم متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی، ضرورت پڑنے پر دیگر بنکوں کو بھی اس پروگرم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے، شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے شناختی کارڈ نمبر اور بائیو میٹرک تصدیق لازم ہو گی، ویب پورٹل، ایس ایم ایس اور رجسٹریشن سنٹرز کے ذریعے متاثرین کی رجسٹریشن کی جائے گی، سرکاری خدمت مراکز، اراضی سنٹرز، ڈپٹی کمشنر آفسز کے ذریعے امدادی رقم تقسیم کی جائے گی۔
چیئرپرسن پنجاب احساس پروگرام کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سیلاب سے متاثرہ بہن، بھائیوں کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کی، چند گھنٹوں کی ٹیلی تھون سے عمران خان نے 5 ارب سے زائد کے عطیات جمع کئے، ان عطیات کو مستحقین تک پہنچانے کی ذمہ داری میری زیر نگرانی ایک کمیٹی کو سونپی گئی ہے۔