اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیک ہونے کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ کی سربراہی میں 12 رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دیدی۔
وزیراعظم کی طرف سے منظوری کے بعد جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ڈی جی آئی بی، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر امن الحق بھی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نوٹیفکیشن کمیٹی میں وفاقی وزیر شیریں رحمان اور وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود بھی شامل ہیں، اعلی اختیاراتی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل ہوگا، سائبر حملوں کو روکنے کیلئے کمیٹی سفارشات تیار کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں سائبرسکیورٹی کی خلاف ورزی کی تحقیقات کرے گی اور کمیٹی تحقیقات 7 دن میں مکمل کرے گی۔ کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں موجودہ سکیورٹی پروٹوکول کا جائزہ لے گی اور وزیراعظم ہاؤس میں فول پروف سکیورٹی اورڈیجیٹل ایکوسسٹم یقینی بنائے گی، اس کے علاوہ کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں ای سیفٹی نظام کا دوبارہ جائزہ لے گی۔ کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں ڈیٹاکومحفوظ بنانے کیلئے سفارشات بھی دے گی۔