لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی تباہ کردہ معیشت واپس پٹڑی پر آ رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستانی روپے کا ڈالر کے مقابلے میں بہترین کاکردگی دکھانے والی ورلڈ کرنسی بننا اللہ تعالیٰ کا کرم ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ 1 ہفتے میں روپے کی قدر میں 3.9فیصد اضافہ ہوا، ہفتے کے اختتام پر ڈالر 219.92 ہوگیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی محنت رنگ لا رہی ہے۔
شہباز شریف نے پی ٹی آئی چیئر مین پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان کی تباہ کردہ معیشت واپس پٹڑی پر آرہی ہے۔
بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ
وزیراعظم کی زیر صدارت گیس سپلائی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت پٹرولیم، مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شہباز شریف موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور گھریلو صارفین کو خصوصاً ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ٹیکسٹائل ملز کو گیس سپلائی کے حوالے سے درپیش مسائل پر کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل ملز کو بروقت گیس فراہم کر کے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے۔ کمیٹی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندگان شامل ہونگے۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو موجودہ سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے آئندہ سال جنوری کے مہینے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کھاد کی مزید درآمد کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم کی کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت
وزیر اعظم شہباز شریف نے کسان پیکج کے تحت کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایات ہفتہ کو لاہور میں کسان پیکج کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کے دوران دیں ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق طارق بشیر چیمہ، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ گندم کی امدادی قیمت کے حوالہ سے فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔وزیر اعظم نے خورنی تیل کے بیج کی اضافی پیداور کے لئے سبسڈی پیکج دینے کی بھی ہدایت کی ۔
اجلاس میں کسان پیکج کے حوالے سے ممکنہ فیصلوں کے لئے اعلیٰ سطح پر کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے کسانوں کو کھاد اور بجلی کی قیمتوں سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لئے صوبوں کے ساتھ مشاورت سے سبسڈی پیکج جلد از جلد تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
آڈیولیک نےعمران خان کی سازش کا بیانیہ سارا ڈرامہ اور جھوٹ بےنقاب کردیا:وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آڈیو لیک نے عمران خان کی سازش کا بیانیہ’ساراڈرامہ اورجھوٹ بے نقاب کردیا، اگر پنجاب میں مرکز کی طرز پر آئینی طور پرکوئی سیاسی تبدیلی آتی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہو گا۔
لاہور میں سپیشل سینٹرل عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر کسی کو قانون کا احترام کرنا چاہیے،آج بھی قانون کااحترام کرتے ہوئے عدالت کےسامنے پیش ہوا ہوں نیب عدالت نےنوازشریف کومتعددبارطلب کیا،نوازشریف عدالت پیش ہوتے تھے،کبھی این آر او نہیں مانگا،ہمارے خاندان نے کئی بار انتقامی کارروائیوں کاسامناکیانیب کے عقوبت خانوں میں ہم نے ظلم برداشت کیا۔
ایک سوال میں وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح قومی اسمبلی میں آئینی طور پر تبدیلی آئی تھی ‘پنجاب میں بھی اگر آئینی طور پر صوبائی حکومت کی تبدیلی ہوتی ہے تو اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے عمران خان جیسا جھوٹا، فراڈیا اور دھوکے باز شخص پوری زندگی میں نہیں دیکھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آڈیو لیک میں عمران خان اعتراف کر رہا ہے کہ میں نے پانچ بندے خریدے، عمران نیازی وزیر اعظم ہاوس میں بولی لگا تارہا ہے اور ووٹ کی خریدوفروخت کر رہا تھا عمران خان نےجو5ووٹ خریدے ان کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، محمدشہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کا سارا ڈرامہ بے نقاب ہوچکا، آڈیو میں انہوں نے خود پانچ بندے خریدنے کا اعتراف کیا، سازش کا جھوٹا بیانیہ گھڑا گیا۔
عمران خان خود کہتے تھے جو ضمیر فروشی کرے اس کے بچوں سے کوئی شادی نہیں کرے گا، عمران خان کی وجہ سے امریکا سمیت دوست ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات متاثر ہوئے۔عمران خان کی سوچ نے دنیا میں پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچایا۔ عمران نیازی کے ایسے رویے نے پاکستان کو برباد کیا، معاشی نقصان پہنچایا۔ہمیں پاکستان کو بچانا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان الزام لگاتے رہے ہیں کہ مریم نواز اور نوازشریف نے این آر او لیا، مریم نواز کو تو عدالت نے میرٹ پر بری کیا۔عمران خان کی جانب سے مریم نواز پر این آر او لینے کاالزام قابل مذمت ہے،مریم نواز میرٹ پر بری ہوئی ہیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی،سعد رفیق،احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ نے جرات سے جیلیں کاٹیں اور دیگر رہنمائوں نے بھی ہر ظلم برداشت کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی قیادت کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا جبکہ علیمہ خان کو این آر او میں نے تو نہیں دلوایا عمران خان کی حکومت میں کلین چٹ دی گئی جبکہ فرح خان کو بھی این آر او میں نے نہیں دلوایا’ فرح گوگی کو کچھ عرصہ پہلے پنجاب حکومت نے کلین چٹ دی ۔چیئرمین پی ٹی آئی کو قوم کو جواب دینا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان بتائیں علیمہ خان کو دبئی اور امریکا میں اثاثے چھپانے پر این آر او کس نے دیا،عمران نیازی اپنے دور میں دیئے گئے این آر اوز کا حساب دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بی آر ٹی جس میں کئی سو ارب روپے کا گھپلا ہوا،تحقیقات ہوتی رہیں۔ بی آر ٹی پشاور میں ثابت ہوچکا کہ اربوں کی کرپشن ہوئی۔حقائق سے ثابت کر چکا ہوں کہ عمران خان غلط بیانی سے کام لیتے ہیں،جب بھی آرڈر دیا جاتا عمران خان مختلف عدالتوں سے سٹے لیتے رہے۔عمران خان الزام لگاتے رہے کہ موجودہ حکومت بیرونی ساز باز سے آئی، اب حقائق عوام کے سامنے آچکے ہیں کہ یہ سب عمران نیازی کا جھوٹ اور ڈرامہ تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں پاکستان کے امریکا سے تعلقات خراب کئے گئے، دن رات جھوٹ بولا گیا، آڈیو لیک میں کہا گیا میر جعفر اور میر صادق کا پروپیگنڈا کرو۔ انہوں نے پاکستان کو دنیا میں رسوا کردیا۔ میں یہ سوال کرتا ہوں کہ 56 کمپنیوں اور کرپشن کی باتیں کہاں گئیں؟ نواز شریف کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا اورلوڈشیڈنگ ختم ہوئی ۔نواز شریف کے دور میں پاکستان نے ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کو تباہ کیا جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک کی معیشت ہچکولے کھا رہی تھی لیکن اللہ تعالی کے فضل سے پی ڈی ایم کی حکومت نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور درست سمت میں گامزن کیا ۔ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نےدن رات جھوٹ بولا۔ کہاں ریاست مدینہ کہاں ہم خطا کار،ہم ریاست مدینہ کی ہلکی سی جھلک بھی لے آئے تو ملک بہتر ہوجائے گا۔قوم کی ایک ایک پائی عوام کی بھلائی کیلئے خرچ ہوگی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اپنے دور میں دیئے گئے این آ ر اوز کا حساب دیں،نواز شریف عدالت میں پیش ہوتے تھے لیکن انہوں نے کبھی این آ ر اوز نہیں مانگا، عمران نیازی تم لیک آڈیو میں خود اس بات کا اعتراف کر رہے ہو کہ تم نے جو پانچ ووٹ خریدے ہیں اس میں تم نے ضمیر فروشی کی ہے،عمران خان نے جو 5 ووٹ خریدے اس کیلئے اس کے پاس پیسے کہاں سے آ ئے،علیمہ خان کو د بئی اور امریکہ میں اثاثے چھپا نے پر کس نے این آ ر او دیا، عمران خان کا سارا ڈرامہ اور جھوٹ بے نقاب ہو چکا ہے، عمران خان کو ہمارے خلاف پانامہ پراپیگنڈے کا حساب دینا ہوگا،بی آ ر ٹی پشاور منصوبے میں کئی قسم کی بے ضابطگیاں کی گئیں، نیب کے عقوبت خانوں میں ہمارے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے بہت ظلم برداشت کیا، ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نے دن رات جھوٹ بولا ،ملک میں ہر کسی کو قانون کا احترام کرنا چاہئے،میں آج بھی قانون کا احترام کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہوا ہوں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا عزم پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنانا ہے، نوازشریف کے دور میں ملک ترقی کر رہاتھا اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا ہو رہی تھیں،نیب نے محمد نواز شریف کو سو دن روزانہ کی بنیاد پر طلب کیا، مریم نواز کے ہمراہ محمد نواز شریف ہر روز نیب میں پیش ہوتے تھے۔ انہوں نے عدالت سے کبھی بھی این آر او نہیں مانگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرے قائد نے سپریم کورٹ کو خط لکھا کہ عمران خان کے پانامہ کے پراپیگنڈا کی تحقیقات کی جائے ، محمد نواز شریف ، مریم نواز، حمزہ شہباز اور میں نے خود کئی کئی سال نیب کے عقوبت خانوں میں ظلم برداشت کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے پارٹی کے سینئر رہنمائوں جن میں مریم نواز ، مفتاح اسماعیل، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق، رانا ثناء اللہ اور اتحادی پارٹیوں کے لوگوں نے بڑی جرات کے ساتھ جیلیں کاٹیں اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مریم نواز کو این آر او اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملا ہے،مریم نواز نے اپنا مقدمہ میرٹ پر لڑا،نیب کے قوانین میں جو ترامیم ہوئی ہیں اس کے تحت مریم نواز کو بریت نہیں ملی بلکہ کیس کے میرٹ اور نیب کا جو اصل قانون تھا اس کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کو بریت دی ۔
انہوں نے کہا کہ خوف آتا ہے جب کوئی ریاست مدینہ کے حوالے سے جھوٹ بولتا ہے، اگر ہم ریاست مدینہ کے حوالے سے ایک ہلکی سی جھلک بھی معاشرے میں لے آئیں تو اللہ تعالی ہمار ے تمام اجتماعی گناہوں کو معاف کر دے۔
وزیراعظم نے عمران نیازی سے مخاطب ہو کر کہا کہ عمران نیازی ریاست مدینہ کا تصور تو یہ ہے کہ حضرت عمرفاروق کے دور میں آپ نے اپنے بیٹے کو چالیس درہم زائد منافع لینے پر رقم بیت المال میں جمع کرانے کا حکم دیا، ”کوئلے کی دلالی میں منہ کالا” اور بات ریاست مدینہ کی کرتے ہو ۔
انہوں نے کہا کہ خوف آتا ہے اور جسم کانپ جاتا ہے جب تم ریاست مدینہ کی بات کرتے ہوئے جھوٹ بولتے ہو،اللہ کرے وہ دن آئے کہ جب ہم ملک میں نظام مصطفی نافذ کریں، عمران نیازی دن رات جھوٹ بولتے اور پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف رہتے ہیں، اس نے اپنے دور میں پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات برباد کئے جبکہ ہم تنکا تنکا جوڑ کر امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں نے عمران نیازی کی پاکستان کے ساتھ اس سے بڑی خیانت اور سازش کی مثال پہلے کبھی نہیں دیکھی،ہمیں ہوش اور حوصلے کے ساتھ یہ کوشش کرنی ہے کہ ہم نے پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنانا ہے لیکن جھوٹ اور سازشوں سے نہیں ، ضمیر فروشی اور اداروں کیخلاف زبان درازی سے نہیں ،لغو بیانی اور دروغ گوئی سے نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ایک ایک پائی قوم کے دکھ کو مٹانے کیلئے استعمال کرنی ہے، عمران نیازی آ پ نے جو پانچ ووٹ خرید ے ہیں جن کا آ پ خود آ ڈیو میں اعتراف کر رہے ہیں اس پر کتنے کروڑوں اربوں روپے خرچ ہوئے ، عمران نیازی قوم کو بتائیں کہ یہ پیسے کہاں سے لئے ،قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ کہاں سے آپ نے ڈاکہ مارا۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی تم کہتے ہو کہ میں نے کے پی کے میں اتنے ہسپتال بنائے، اتنی یونیورسٹیاں بنائیں جو سب جھوٹ پر مبنی ہے،میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ عمران نیازی سے بڑا جھوٹا، فراڈیہ اور دھوکے باز میں نہیں دیکھا۔ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اگر آئینی اور قانونی طریقے سے حکومت تبدیل ہوتی ہے تو اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ۔ اگر وزیراعظم ہائوس میں باہر سے کوئی لیڈرا آتا ہے تو سو بار سوچے گا کہ یہاں کوئی بات کروں تو وہ لیک نہ ہو جائے، میں بائیس کروڑعوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سوچیں غور کریں، میں نے گورننس میں اپنا خون پسینہ دیا ہے ، محمدنواز شریف نے پاکستان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ،ان کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا، بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ بنی، کسانوں کو آدھی قیمت پر کھاد دی گئی، کسانوں کے ٹیوب ویلز کو سستی بجلی دی گئی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان ترقی کی بلندیوں تک پہنچا،جب عمران نیازی سے حکومت لی تو ملکی معیشت کی کشتی ہچکولے کھا رہی تھی،ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،ہم نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ میرا اور میرے قائد کا سیاسی کیپیٹل ایک مرتبہ نہیں بلکہ کروڑوں مرتبہ ملک پر قربان ہے ،اگر پاکستان خوشحال ہو جاتا ہے اور پاکستانی عوام بیماری اور غربت سے نکل آتے ہیں تو اس سے بڑی قربانی اور کوئی نہیں ہو سکتی۔