اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، مجھے عمران خان کے لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، کہا گیا ارشد شریف کو اسٹیبلشمنٹ نے نکلوایا، یہ بالکل بے بنیاد ہے، لانگ مارچ کے بیانیے کی آڑ میں اصل سازش رچائی جارہی ہے، لانگ مارچ میں لاشیں گریں گی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل سے متعلق تمام شواہد مٹا دیئے گئے، ارشد شریف بھاگنے والا انسان نہیں تھا، اداروں پر بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں، ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے مارا گیا، ان کے سر اور سینے میں 2 گولیاں لگیں، سینئر صحافی کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارشد شریف واپس آنے کو تیار تھا تو اسے مروانے کی پلاننگ کی گئی، وہ اپنے مقاصد ایمانداری سے نبھا رہا تھا، اس کو ڈرایا دھمکایا گیا جس کی وجہ سے وہ پاکستان سے گیا، میں نے ویڈیو بھی بنا دی ہے اور نام بھی دے دیئے ہیں، مجھے قتل کیا گیا تو قتل کرنے والے بھی 3 گھنٹوں میں اسی طرح مار دیئے جائیں گے، اس سازش کے پلیئر عالمی سطح تک رابطوں میں ہیں، ارشد شریف کے ساتھ رابطے میں تھا، فون فرانزک کے لئے حاضر ہے، پاکستان کے خلاف سازش کے پلیئر یہاں موجود ہیں، ارشد شریف ان لوگوں پر یقین کررہا تھا مگر ان لوگوں کا پلان کچھ اور تھا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ارشد شریف کے پاکستان میں اداروں کے ساتھ اچھا تعلقات تھے، اداروں کے ساتھ رابطوں میں میرا بھی کردار اچھا تھا، ارشد شریف کا قتل کوئی حادثہ نہیں، ارشد شریف کا قتل ہوا جس کی سازش پاکستان میں ہوئی، ان کا لیپ ٹاپ، موبائل فون اور کوئی شواہد نہیں ملیں گے، بچہ اگر گاڑی میں موجود تھا تو کیا اس طرح گولیاں چلائی جاتی ہیں، یہ کسی شخصیت کا کام نہیں کہ کینیا میں فارم ہاؤس کا بندوبست کرے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لانگ مارچ کی آڑ میں بڑی سازش رچائی جارہی ہے، کچھ لوگ ذاتی مفاد کے لئے لوگوں کو مروانا چاہتے ہیں، ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا دھمکایا اور ملک سے نکالا، آنے والے دنوں میں سب پردے چاک کردوں گا، ارشد شریف کو کوئی عام آدمی دبئی نہیں بھجوا سکتا، کہا گیا ارشد شریف کو اسٹیبلشمنٹ نے نکلوایا یہ بالکل بے بنیاد ہے، ارشد شریف کو باہر بھجوانے والے پاکستان کو توڑنے کی سازش میں ملوث ہیں، جو طاقتور شخصیات اس سازش کا حصہ ہیں میری پہنچ سے دور نہیں، یہ وہی کام کرسکتا ہے جسے اس کا فائدہ ہوگا، سازش کرنے والوں کو خبردار کرتا ہوں ان کے نام بتاسکتا ہوں، عمران خان کو بتا چکا ہوں اس سازش کے مقاصد کچھ اور ہیں۔