’پاکستان کیساتھ ہیں‘: امریکا کا سیلاب متاثرین کیلئے مزید 3 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

Published On 27 October,2022 08:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز):پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے بعد امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مزید تین کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔

امریکی سفیر نے اضافی امداد کا اعلان ضلع شکارپور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈونلڈ بلوم نے یو ایس ایڈ کے شراکت دار ادارے ایکٹیڈ کے عہدیداروں کے ہمراہ اس دورہ میں سیلاب متاثرین میں خیمے، بیت الخلاء، حفظان صحت کی کٹس اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا۔

امریکی سفیر نے گاؤں مکھنو کا دورہ کرتے ہوئے امریکی حکومت کی جانب سےسیلاب متاثرین کو فراہم کردہ عارضی پناہ گاہوں کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر امریکی سفیر سیلاب متاثرین کیساتھ گھل مل گئے اوران سے سیلاب کے اثرات اور اُن کو درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 3 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے، سیلاب سے بحالی، خوراک کے تحفظ، ہنگامی صورتحال سےبچاؤ اور استعداد کار میں اضافہ کے لئے امسال پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد کا حجم 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔ اضافی مالی امدادسے نہ صرف سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور تقریباً 20 لاکھ متاثرین تک رسائی یقینی بنانے کیلئے یو ایس ایڈ کی استعدادکار میں اضافہ ہوگا۔

امریکی حکومت اس اضافی امدادکے تحت یو ایس ایڈ کے ذریعے غذا اورطبی خدمات فراہم کرے گی تاکہ سیلابی پانی سے پیدا ہونیوالی بیماریوں اور غذائی قلت سے نمٹنے کیساتھ متاثرہ علاقوں میں اشیائے ضرورت کی فراہمی اور طبی امداد کو یقینی بنایا جاسکے۔

امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد اور سردیوں سے بچنے کیلئے ساز و سامان کی فراہمی اس امداد کا حصہ ہے۔چونکہ خواتین اور لڑکیاں سیلاب سمیت دیگر قدرتی آفات سےغیر متناسب انداز میں متاثر ہوتی ہیں اس لیے امریکی حکومت صنفی امتیاز پر مبنی تشدد کے روک تھام اوربچ جانے والے افراد کومدد فراہم کر رہی ہے۔ شراکت داروں کو ضروریات کی فراہمی سے ضرورتمندوں میں ہنگامی امداد کی تیز تر فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔

امریکی سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونیوالی تباہ کاریوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
 

Advertisement