لاہور: ( دنیا نیوز ) پنجاب حکومت نے لاہور میں گلبرگ تا بابو صابو ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کے جلد آغاز کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے زیر صدارت اجلاس ہوا، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ دونوں اطراف میں چار رویہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کی لاگت کا تخمینہ 85ارب روپے ہوگا، لاہور شہر میں مشرق سے مغربی اطراف میں پہلی ایکسپریس وے بنائی جائے گی، گلبرگ سے موٹر وے تک کا فاصلہ 8 منٹ میں طے ہوگا، ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے 20 کلو میٹر کا سفر اور 30 منٹ وقت بچے گا، ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے مال روڈ، ملتان روڈ سمیت 12 بڑی سڑکوں سے منسلک ہوگی۔
اس حوالے سے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے سے کارڈیالوجی سمیت بڑے ہسپتالوں تک رسائی آسان ہوگی، طلبا و طالبات کو لاہورکالج، کنیئرڈ کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں آمدورفت میں سہولت ہوگی، ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے 80 ہزار سے زائد گاڑی مالکان مستفید ہوں گی، ایکسپریس وے پر الیکٹراک بسیں چلانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کے اطراف میں کمرشل مراکز بنانے کا جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے چند ماہ میں لاہور کا نقشہ تبدیل ہوجائے گا۔
سابق وزیر ہاشم جواں بخت، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔