لاہور: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے امن دشمنوں کے خلاف بلوچستان میں بڑا آپریشن کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ تین کو زندہ گرفتار کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، یہ آپریشن بلوچستان میں دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کے خلاف کیا گیا جن کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔ آپریشن صبح 6 بجے کیا گیا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز مارے جانے والے دہشتگردوں کی گزشتہ دو ماہ سے تلاش میں مصروف تھی، ان دہشتگردوں نے کوہلو بازار میں آئی ای ڈی بم دھماکا کیا تھا جس میں دو شہری شہید ہو گئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشتگرد سیل کو بھی ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا گیا ، ہلاک ہونے والے دہشتگرد بلوچستان میں مختلف عوامی ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز اور مزدوروں پر دہشتگردی کے حملے میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے سے قبل دہشتگرد کوہلو، کاہان اور میوند میں دہشتگرد حملوں کی تیاریوں میں مصروف تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسز ملک دشمنوں کو ڈھونڈنے کے لیے سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔