عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا، پاک فو ج سے روحانی رشتہ قائم رہے گا: جنرل باجوہ

Published On 29 November,2022 11:44 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ میں اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے اس عظیم فوج میں خدمات کا موقع دیا، جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کے عہدے پر تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا۔

 جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ پاک فوج کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ 6 سالہ دور میں ہر موقع پر اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا، اپنی فوج پر فخر ہے جو کم وسائل کے باوجود سیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، یہ لسانیت، رنگ نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرتی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جنرل عاصم سے میری رفاقت 24 سالہ پرانی ہے، وہ حافظ قرآن ہونے کے علاوہ پیشہ ور، باصلاحیت اور اعلیٰ اصولوں کے قابل افسر ہیں، یقین ہے فوج ان کی قیادت میں نئی منازل عبور کرے گی، ان کی تعیناتی مثبت ثابت ہوگی، خوشی ہے کہ فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کر کے جا رہا ہوں، یقین ہے آنے والے وقت میں فوج جنرل عاصم کی قیادت میں اس سے بڑھ کر ملک کی خدمت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود پاک فوج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، پاک فوج جنرل عاصم منیر کی قیادت میں ملک کی مزید خدمت کرے گی، پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کی ضامن ہے، جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں پاک فوج کے ساتھ رہیں گی، نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے لئے دعا گو ہوں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا، جب فوج کی کامیابیاں ہوگی خوشی ہوگی اور جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی۔

 

Advertisement