لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت کے دور میں ریکارڈ خسارہ اور بھاری قرضوں کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران پیدا ہوا۔
وفاقی وزیر خزانہ و سابق سینیٹر اسحاق ڈار نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ وزیر اعظم ،پارٹی اور پوری قوم کی نگاہیں آپ پر ہیں، انشاء اللہ آپ اور آپ کی تجربہ کار ٹیم جلد ملک کو معاشی مشکلات سے نکالے گی، الحمد للہ ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی ملک کو مشکلات اور بحران سے نکالا، ایٹمی دھماکے کئے، معاشی پابندیوں کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم کر کے ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا، اب بھی وہی تجربہ کار ٹیم ملک میں معاشی بحران ختم کرنے اور معاشی استحکام لانے کے لیے پرعزم ہے۔