اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری بھی مسلمانوں پر جاری ظلم کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے، بلاول نے جس دلیری سے کشمیر اور بھارتی مسلمانوں کیلئے آواز اٹھائی ہے اس پر قوم کو فخر ہے۔
اپنے ایک بیان میں سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا مودی سرکار سے متعلق بیان ایک حقیقت ہے، بلاول بھٹو کے مودی سرکار سے متعلق جرأت مندانہ بیان کی تائید کرتے ہیں، پوری قوم بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جس دلیری سے کشمیر اوربھارتی مسلمانوں کے لئے آواز اٹھائی ہے اس پر قوم کو فخر ہے، بھارتی سرکار نے نہتے مسلمانوں پر جس طرح ظلم جاری رکھا ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، وزیر خارجہ کے جرأت مندانہ بیان پر مودی سرکاری تلملا اٹھی ہے۔
سلیم مانڈوی والا کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حمایت میں ریلیاں نکالی جائیں گی، وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری بھی مسلمانوں پر جاری ظلم کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔