لسبیلہ: سلنڈر دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14ہوگئی

لسبیلہ: سلنڈر دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14ہوگئی

ایم ایس ڈاکٹر روبینہ کے مطابق حادثے میں دوران علاج جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 14 ہوگئی جبکہ 15 زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ایم ایس کے مطابق سول ہسپتال برنس وارڈ میں 26زخمیوں کو لایا گیا تھا جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ، تمام زخمی 70 سے 90 فیصد جل چکے ہیں ۔

پولیس کے مطابق  منی بس اسٹاپ چونگی کے قریب ایک دکان میں گزشتہ روز سلنڈر کے خوفناک دھماکے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ دھماکے کے بعد آگ لگنے سے25 افراد شدید جھلس گئے تھے جنہیں ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے اور دیگر ذرائع سے کراچی کے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ زخمی برنس سینٹر میں زیر علاج تھے جن میں سے 10 متاثرین آج صبح تک دم توڑ گئے ، جاں بحق ہونے والوں میں 23 سالہ محمد اقبال، 32 سالہ ہدایت اللہ، 30 سالہ منظور، 27 سالہ برکت علی، 18 سالہ محمد یونس، 34 سالہ ظہور احمد، 35 سالہ حاجی محمد عمر، 45 سالہ غلام سرور، 35 تلسی داس اور 26 سالہ مہیش کمار شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں اطراف کی 7 دکانیں ایک ہوٹل اور بازار میں کھڑی لگ بھگ 25 موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔