لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے آج بی بی کی برسی کے موقع پر تماشہ لگایا، زرداری اور ان کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاسی میراث کو ان کے مزارات میں ہی دفن کر دیا۔
بلاول زرداری کی تقریر ردعمل دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ این آر او ٹو سے استفادے کیلئے زرداری اور اس کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاست سے یکسر لاتعلقی کا اعلان کیا، وفاقِ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو اندرون سندھ کی چند بستیوں تک محدود، مجرموں کی آماجگاہ بنا دیا۔
Establishment کی کٹھ پتلیوں نے آج بے نظیر بھٹو کے مزار پر تماشہ لگایا، زرداری اینڈ سن نے بے نظیر کے فلسفے ہر وہ گہری ضرب لگائ کہ بے نظیر کے قاتل بھٹو کو ختم نہیں کر سکے لیکن پیپلز پارٹی کی وفاقی حیثئت کو ختم کر کے انھوں نے بینظیر کے دشمنوں کا مشن پورا کر دکھایا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 27, 2022
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اہل سندھ جھولیاں اٹھا اٹھا کر زرداریوں کے ڈاکو راج سے نجات کی دعا مانگ رہے ہیں، سندھ کے عوام سیلاب کی آفت کا شکار، زرداری کے حواری سندھ کا پیسہ ضمیروں کی منڈیوں میں جھونکتے رہے، بھٹو نے ملک کو جو آئین دیا، زرداری نے جاتی امراء کے چوروں کے ساتھ مل کر اس کے انسانی حقوق کے باب کی دھجیاں اڑوائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ججز کس قانون کے تحت انتظامی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں؟ فواد چودھری
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اقتدار کے حصول کیلئے زرداری اور اس کا فرزند دستور، جمہوریت اور پارلیمان پر کئے جانے والے ہر شرمناک حملے کے سہولت کار بنے، 6 فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتارنے کے جرم میں بھی سہولت کار زرداری اور اس کا فرزند ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری کے باعث 8 ماہ پہلے تک ناپید دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری سے صوبوں کو ان کے وسائل سے محروم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موجودہ ہائبرڈ نظام میں کسی ادارے کی عزت نہیں بچی: فواد چودھری
انہوں نے کہا کہ زرداری اور اس کے فرزند کی ذلت آمیز معاونت سے اظہارِ رائے کی آزادیاں مصلوب، عوام سیاسی حقوق سے محروم کئے جارہے ہیں، آٹے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کئی گنا تک کے اضافے کے جرم میں بھی زرداری اور اس کا فرزند ملوث ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ انتخاب سے فرار میں زندگی تلاش کرنے والوں کو عوام کے سامنے کھڑا کریں گے۔