دادو: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست ملک کے لئے نقصان دہ ہے، دوبارہ انتخابات کی ضد پوری نہیں ہو گی۔
دادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا کہ ایم کیوایم سے اختلافات رہے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے لیکن ہمیں مل کر کام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، ایم اکیوایم سے معاہدے کے تحت چلنا چاہتے ہیں، مسائل پر بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں، بلدیاتی انتخابات میں تاخیرسے انتظامی امور متاثرہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دوبارہ انتخابات کی ضد پوری نہیں ہوگی، عمران خان کی سیاست ملک کے لئے نقصان دہ ہے، جھوٹ، نفرت جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کو نقصان پہنچاتی ہے، سیلاب سے پہلے نالائق نااہل وزیراعظم کو نکالنا خوش قسمتی تھی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں ایک تہائی زمین سیلابی پانی میں ڈوب گئی، پاکستان میں یہ سیلاب تاریخی تھا اور آج تک سیلاب متاثرین مشکل میں ہیں، اقوام متحدہ سے لے کر شرم الشیخ تک پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکسان سیلاب میں ڈوب گیا، کہیں مثال نہیں ہے کہ ایک تہائی ملک ڈوب گیا، یہ قیامت سے پہلے قیامت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، ہم معاشی طور پر لوگوں کو ان کے پیروں پر کھڑا کریں گے، ہم چاہیں گے مستقبل میں ایسا نظام بنے کہ قدرتی آفت میں ہم مکمل تیار ہوں، سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے، جہاں سے پانی نکل چکا ہے وہاں پر تباہی ہی تباہی ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سیلاب کے باعث زراعت اور گھروں سمیت ہر شعبے میں بحران پیدا ہو گیا ہے، صحت کا انفرا اسٹرکچر بری طرح تباہ ہوا ہے، صرف سندھ میں ہی نہیں باقی علاقوں میں بھی تعلیم کو نقصان ہوا ہے لیکن صرف سندھ میں 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہیں، سیلاب متاثرین کو بحالی کیلئے امداد کے ساتھ بلا سود قرضے دیں گے۔