لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت گھٹیا پن سے باہر آئے اور عمران خان پر حملہ کی شفاف تحقیقات کرائے۔
رانا ثناء اللہ کی جانب سے عمران خان کو لگنے والی گولیوں کا مذاق اڑانے کے رد عمل میں ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی گراوٹ کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ایف آئی آر کاٹنے کی بجائے عمران خان کا مذاق اڑا رہی ہے، یہ لوگ وفاقی اداروں کو استعمال کر کے افسران بالا اور جے آئی ٹی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔
فیاض چوہان نے کہا کہ عمران خان نواز شریف کی طرح بیماری کا ڈرامہ رچا کر ملک سے فرار نہیں ہوا، عمران خان نے پاکستان کے اندر رہ کر ہمت اور جرات کے ساتھ سازشوں ، ظلم و جبر اور استبداد کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو آنکھوں دیکھا مجرم عمران خان پر گولی چلاتا پکڑا گیا اسے میڈیا پر بٹھا کر عمران خان کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کی گئی، یہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی واضح اور گھٹیا مثال ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ن لیگی قیادت کا ملزم نوید کے وکیل کو میڈیا پر بٹھانے سے عمران خان کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوا ہے، عمران خان جیسے پاپولر لیڈر پر حملہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازش ہے، عمران خان پر حملہ کرنے والے عناصر کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔