مجبور قومی موومنٹ والے سارے بھی مل جائیں تو کچھ نہیں ہوگا، علی زیدی

Published On 07 January,2023 10:13 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے سینئر رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ مجبور قومی موومنٹ والے سارے بھی مل جائیں تو بھی ان کا کچھ نہیں ہو گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا کوئی مستقبل نہیں ہے، دیگر جماعتوں نےسوشل میڈیا پراچھا کام کیا ہے، کراچی والے پاگل نہیں ہیں، جو 30 سال سے یہاں رہتا نہیں لوگ اسے سپورٹ نہیں کریں گے، اگر لندن والے بھی آجائیں تو بھی کراچی کا مئیر پی ٹی آئی کا ہو گا۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ 15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں، بہت سی جماعتوں کو حلقہ بندیوں کا بہت جلدی یاد آیا ہے، حلقہ بندیوں کا راگ الاپنے والے یہ بات اس وقت کرتے جب ہمیں چھوڑ کر بھاگے تھے، یہ لوگ الیکشن سے گھبراتے ہیں، جمہوری قوتیں کبھی بھی الیکشن سے نہیں گھبراتیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت یہ لوگ آرٹیکل 140 اے پر رو رہے تھے، ایم کیو ایم کے پاس امیدوار ہی پورے نہیں تو میئر کہاں سے لائیں گے۔

علی زیدی نے کہا کہ پچھلے ہفتے نواب شاہ میں تحریک انصاف کا کیمپ لگا تھا، نواب شاہ میں 24 ہزار لوگ تحریک انصاف میں شامل ہوئے، نواب شاہ آصف زرداری کا حلقہ ہے، تحریک انصاف میں اب تک 14 ہزار لوگ ممبر بن چکے ہیں، لوگ اپنی جیب سے 50 روپے دے کر ممبر بن رہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری بڑا مہنگائی مارچ کرتا تھا، آج مہنگائی آسمان تک پہنچ گئی ہے، لوگ آٹا لینے کی خاطر مر رہے ہیں، جب ہماری حکومت کو ہٹایا گیا تو خزانے میں 18 ارب ڈالر پڑے تھے، ہمارے دور میں مہنگائی کم ہو رہی تھی، پوری گیم این آر او ٹو کے لیے کی گئی۔