اسلام آباد: (دنیا نیوز) تر جمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینا ضروری ہے۔
اپنے ایک بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی بچاؤ مہم چودھری شجاعت کے راستے پی ڈی ایم میں ہے، ورنہ ہر صورت میں پرویز الہٰی کو جانا ہوگا، عنقریب ایک دن عمران خان قوم کو بے وقوف بنانے کیلئے کہیں گے پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانا میری غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پی کے اسمبلی کیوں تحلیل نہیں کرتے؟، وہاں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں، وہ نہ پارلیمنٹ جاتے ہیں نہ اسمبلی تحلیل کرتے ہیں نہ مستعفی ہوتے ہیں نہ مراعات چھوڑتے ہیں، ڈیمو کریٹ نہیں ہیپو کریٹ ہے، جھوٹ اور منافقت ان کی سیاست ہے۔
تر جمان پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ عجیب ریاست مدینہ ہے جس میں پلے بوائے کو صادق و امین قرار دیا گیا، ریاست مدینہ کی قانون کے تحت عمران خان کو سزا ملنا چاہئیے تھی لیکن پاکستان میں اپنے پیاروں کیلئے ایک قانون اور غیروں کیلئے دوسرا قانون ہے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران خان وہ وقت گیا جب تم ڈنڈے ہتھوڑے اور ہتھکڑی کے سہارے ملک پر مسلط تھے، آپ کی حکومت تو ختم اب سیاست کے خاتمے کی باری ہے۔