لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پنجاب اسمبلی کے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ایم پی اے بلال وڑائچ نے ملاقات کی، اس موقع پر ایم پی اے نے تحریک انصاف کے وژن کی تائید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
ملاقات کے موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ فواد چودھری نے بلال وڑائچ کی جانب سے چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ایم پی اے حمزہ شہباز کے کیمپ میں موجود تھے اور اس سے قبل انکو ووٹ دیا تھا۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ بلال وڑائچ نے عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے وژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور وڑائچ فیملی بہت جلد تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر رہی ہے ان کے آنے سے پنجاب اسمبلی میں ہمارا مزید 1 ووٹ بڑھ گیا ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے پنجاب اسمبلی کے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ایم پی اے بلال وڑائچ کی ملاقات،
— PTI (@PTIofficial) January 5, 2023
ملاقات میں بلال وڑائچ کی جانب سے تحریک انصاف کے وژن کی تائید اور وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دینے کا اعلان- pic.twitter.com/1yY6yyLRUT
ملاقات کے دوران ایم پی اے بلال وڑائچ نے تحریک انصاف کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے خوش آئند بات ہے کہ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہوں، انشااللہ عمران خان کے وژن کے مطابق سیاست کریں گے، تحریک انصاف کی تمام قیادت کا خوش آمدید کہنے پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔