لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے نئی عمارت کے افتتاح کے بعد دعا بھی کی۔
نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی اسمبلی میں اگلے 100 سال کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے 500 ارکان کی گنجائش موجود ہے، 200 افراد کیلئے Ayes Lobby اور 200 افراد ہی کے لئے Noes Lobby بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر چیمبر افسران، میڈیا اور وزیٹرز کیلئے 800 افراد تک کی گنجائش ہے، نئی اسمبلی میں وزیراعلیٰ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، وزراء اور لیڈر آف اپوزیشن کیلئے سیکرٹریٹ بلڈنگ میں دفاتر بنائے گئے، 3 کمیٹی روم اور ایک کانفرنس روم کے علاوہ لائبریری اور کیفے ٹیریا کی بھی سہولت موجود ہے، 400 گاڑیوں کی پارکنگ بھی رکھی گئی ہے۔
عمارت کے افتتاح کے موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، راجہ بشارت، سردار حسنین بہادر دریشک، سردار آصف نکئی، سردار شہاب الدین، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس عامر ذوالفقار، سابق پرنسپل سیکرٹری جی ایم سکندر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، ڈی جی پروٹوکول پنجاب عنصرنذیر اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔