چیف سیکرٹری پنجاب نے قانونی رائے کیلئے ڈی نوٹیفائی آرڈر جاری کرنے میں دیر کی: گورنر

Published On 27 December,2022 09:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری نے لیگل اوپینین لینے کیلئے کچھ وقت لگایا، وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کے میرے آرڈر کو رات گئے جاری کیا گیا، اتنی دیر نہیں ہونی چاہیے تھی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر آرڈر چیف سیکرٹری نے دیا تو ڈپٹی سیکرٹری کو کیوں معطل کیا گیا؟ ڈپٹی سیکرٹری کی معطلی کا مجھے نہیں پتا، چیف سیکرٹری کے ساتھ کیا ہوا میرے علم میں نہیں، پرویزالہیٰ کی ہیلتھ، ایجوکیشن، گڈ گورننس میں پرفارمنس کو بہتر ہونا چاہیے تھا۔

بلیغ الرحمان نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں گورنر ہاؤس کے باہر حملہ کر کے آگ لگانے کی کوشش کی گئی، یہ پنجاب حکومت کی بہت بڑی ناکامی تھی، گورنر ہاؤس پر حملے کے دن پنجاب حکومت نے کوئی معذرت نہیں کی، ورکنگ ریلشن شپ کا فقدان نہیں ہے، پنجاب اسمبلی کے جن بلز میں قوانین کی خلاف ورزی ہو اسے پاس نہیں کرتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) کےسربراہ چودھری شجاعت حسین ہیں، معاملہ عدالت میں ہے جو بھی فیصلہ ہوگا سر آنکھوں پر ہے، فلور کراسنگ کے بالکل خلاف ہوں نہیں ہونی چاہیے، مسلم لیگ (ق) کےممبران نے فیصلہ کرنا ہے پارٹی ہیڈ یا ممبران کے ساتھ چلنا ہے۔
 

Advertisement