لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کرسمس کا تحفہ دیتے ہوئے کچی آبادیوں میں مقیم اقلیتوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ آفس میں کرسمس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کرسمس کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہوئے، انہوں مسیحی برادری کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائداعظم محمد علی جناح نے ہمارے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کیلئے رکھا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے، ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹہ 2 سے بڑھا کر 5 فیصد کیا ہے۔