لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دینے سے متعلق میں نے اپنے والد کو رضا مند کیا، ان کو جس دن سے ہٹایا گیا اللہ نے ہر چیز میں سرخرو کیا ہے، کچھ ماہ تاریخ توآگے، پیچھے ہوسکتی ہے لیکن الیکشن تو ہونے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے چودھری مونس الہٰی نے کہا ہے کہ اب پاکستان تبدیل ہوچکا ہے، آصف زرداری، نواز شریف اور پی ڈی ایم کا سارا کچرا پرانا پاکستان ہے، جب سے سیاست میں آیا ہوں شریفوں نے ہمیشہ دھوکہ دیا ہے، حمزہ شہباز نالائق وزیراعلیٰ تھے، حمزہ شہباز نے اپنے دور میں سوائے میک اپ کے کچھ نہیں کیا تھا۔
مونس الہٰی نے کہا کہ ماموں کا سافٹ ویئراپ ڈیٹ ہو گیا میرا نہیں ہوا، شجاعت حسین کے بچوں نے ان کو مس گائیڈ کیا، 2018 میں سیٹ پر بات کرنے کے اگلے دن میرا نیب کا نوٹس نکل آیا، لگتا ہے نیب کا نوٹس جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان کے اثر کی وجہ سے آیا، ماضی میں شجاعت حسین، پرویزالہیٰ بتاتے رہے کہ شریفوں نے ہمیشہ دھوکہ دیا، 2018 میں مجھے کہا گیا آپ ضمنی الیکشن لڑ لیجیے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے علیم خان، جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ آپ کی نہیں پی ٹی آئی کی سیٹ ہے، 2018 میں ہمیں کئی سیٹوں پر الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا، 2018 میں جب الیکشن لڑنے نہیں دیا گیا تومیں نےکہا یہ ہمارے خاندان کی سیٹ ہے، 2018 کے بعد جو کچھ ہوتا رہا سب نے دیکھا ہے، لاہورکا ماسٹر پلان عثمان بزدارحکومت نے بنایا، حمزہ شہباز نے آکر ماسٹر پلان میں تبدیلیاں کیں۔