لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے حسنین بہادر دریشک کا استعفیٰ مسترد کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حسنین بہادر دریشک میری کابینہ کے قابل وزیروں میں سے ایک وزیر ہیں، وہ میرے لیے مونس الہٰی کی طرح ہیں، ان کی پرفارمنس بہت اچھی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ بطور صوبائی وزیر اپنے محکمہ کو بڑے اچھے طریقے سے چلا رہے ہیں،حسنین بہادر دریشک کا استعفیٰ منظور نہیں کیا، بطور صوبائی وزیر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ حسنین بہادر دریشک نے چند روز قبل ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے تلخ کلامی کے بعد انہیں اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا۔