لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 10ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، مخالفین نے سیلاب متاثرین کی امداد کے نام پر بھی صرف سیاست چمکائی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے چیئر پرسن پنجاب احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل بھی اس موقع پر موجود تھے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعلیٰ کو پنجاب احساس پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے کیے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔
چودھری پرویزالٰہی نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی فلڈ ریلیف پروگرام میں شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیلی تھون کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز جمع کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عمران خان نے تنہا اربوں روپے سیلاب متاثرین کیلئے جمع کر کے قومی خدمت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اب تک سیلاب متاثرین کی آباد کاری کے لئے 5 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، پنجاب حکومت احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 10 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، عمران خان کی ٹیلی تھون سے حاصل ہونے والے فنڈز بھی سیلا ب متاثرین کی بحالی پر صرف کیے گئے ہیں، 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کو یکسر تنہا چھوڑے رکھا، مخالفین نے سیلاب متاثرین کے نام پر بھی صرف سیاست چمکائی، گھروں کی تعمیر کے لئے بھی پنجاب حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔
احساس راشن پروگرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے کے 80 لاکھ خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے کی خطیر رقم سے احساس راشن رعایت پروگرام شروع کیا ہے، پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو آٹا، دالیں، کوکنگ آئل اور گھی 40 فیصد تک سستا مل رہا ہے، غریب آدمی کو ریلیف دینا عمران خان کا ویژن ہے، جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا ہے۔