لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سال نو پر سیاحتی مقامات خصوصاً مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مری جانے والے راستوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت انتظامات یقینی بنائے جائیں، مقرر ہ تعداد سے زآئد گاڑیوں کو مری میں داخلے کی قطعاً اجازت نہ دی جائے، بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ٹریفک حکام ملکر موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان تشکیل دیں، مری جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں، شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ گائیڈ کرنے کا نظام وضع کیا جائے، مری اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سینئرپولیس افسران ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں، لاہور، مری اور دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہترین اقدامات ہونے چاہئیں، پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کے بارے میں سیاحوں کو شکایت نہیں ہونی چاہیئے، اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طو رپر لگائے جائیں۔