لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا۔
مومنہ وحید کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی کواعتماد کا ووٹ نہیں دوں گی، آج تحریک انصاف میں پرانا کارکن دلبرداشتہ ہے، پرویزالٰہی صرف گجرات اورمنڈی بہاء الدین میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں، عمران خان کے اردگرد صرف مفاد پرست لوگ اکھٹے ہیں
رکن پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے مزید اراکین ہیں جو وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ مومنہ وحید کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور وہ مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایم ڈبلیو ایم کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرہ نقوی نے اعتماد کے ووٹ میں پرویز الہٰی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 9 جنوری کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اہم ٹاسک دئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کو پنجاب اسمبلی میں پرویز الٰہی کیلئے 186 ووٹ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، عمران خان کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ بعض ارکان کے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے کا خدشہ ہے۔
اس وقت تحریک انصاف کے دعوے کے مطابق انہیں 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور اگر دو ارکان بھی غیر حاضر ہوئے تو پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ ہار جائیں گے۔