وزیر اعظم نے اخراجات میں کمی کیلئے قومی کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دیدی

وزیر اعظم نے اخراجات میں کمی کیلئے قومی کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دیدی

وزارت خزانہ نے قومی کفایت شعاری کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق سابق پرنسپل سیکرٹری ناصر کھوسہ، وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قومی کفایت شعاری کمیٹی کے ٹی او آرز بھی جاری کر دیئے گئے، کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی، مالی نظم و ضبط کی سفارشات پیش کرے گی، سرکاری وسائل کی بچت کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں گے، کمیٹی سرکاری اداروں کے نقصانات کا جائزہ لے کر اقدامات تجویز کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی کفایت شعاری، 92 گاڑیاں نیلام کر دیں

قومی کفایت شعاری کمیٹی 15 روز میں وزیراعظم کو اپنی سفارشات پیش کرے گی، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز قومی کفایت شعاری کمیٹی میں شامل ہوں گے، چیئرمین سی ڈی اے، سیکرٹریز خزانہ، کابینہ، پاور، ہاؤسنگ اینڈ ورکس بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معاشی ماہرین قیصر بنگالی، زبیر خان اور فرخ سلیم بھی قومی کفایت شعاری کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔