سرگودھا: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے پیر محمد امین الحسنات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر امین الحسنات نے کہا کہ میرے پاس محترم لوگ تشریف لائے ہیں، میرا جس بھی پارٹی سے تعلق رہا اچھا وقت گزرا ہے، اسد عمر کے ساتھ 5 سال اسمبلی میں گزارے ہیں، جب بھی انہوں نے گفتگو کی تو دلائل کے ساتھ کی، ہم اپنا دل آپ کے راستے میں بچھاتے ہیں، وقت گزرتا ہے تو اسباب پیدا ہوتے رہتے ہیں، اپنے دائیں بائیں بیٹھے تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیر امین الحسنات کو خوش آمدید کہتے ہیں، اس علاقے اور پورے پاکستان کی بہتری کیلئے ہم ساتھ مل کر سفر جاری رکھیں گے، ہم وہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں جس کا خواب ہمارے آباؤ اجداد نے دیکھا۔
شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پیر حسنات شاہ کو خوش آمدید کہنے آیا ہوں، پیر امین الحسنات کی پارٹی میں شمولیت سےتحریک انصاف کو تقویت ملے گی، فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پیر امین الحسنات اور ان کی تمام فیملی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن سرگودھا سے عملی طور پر ختم ہو گئی، آج رہی سہی کسر پوری ہو گئی، یقین سے کہہ سکتا ہوں عمران خان کی رگ رگ میں عشق رسولؐ کا فلسفہ ہے، جس طرح عمران خان نے دین کیلئے خدمات سرانجام دیں سب کے سامنے ہیں۔