لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی نے بھی محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی مسترد کر دی۔
میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محسن نقوی نگران وزارتِ اعلیٰ کے منصب کیلئے نہایت غیر موزوں اور نامناسب شخص ہیں، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے صوبے میں سنگین نوعیت کے عدمِ استحکام کی بنیاد ڈالی ہے، محسن رضا نقوی کا کردار نہایت متنازعہ، اہلیت و صلاحیت سے مکمل محروم ہے، ہم نے محسن نقوی کے صلاحیت و کردار کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو مہیا کیں۔
اراکین پارلیمانی کمیٹی نے مزید کہا کہ محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ تقرری صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کے دستوری فریضے پر ایک کاری ضرب ہے، پنجاب کے عوام الیکشن کمیشن کے اس نہایت متنازع تقرری کو بالکل قبول نہیں کریں گے، صاف شفاف انتخابات کے انعقاد اور مؤثر انتقالِ اقتدار کیلئے بہترین ساکھ و صلاحیت کی حامل نگران شخصیت ناگزیر ہے، عدالت عظمیٰ اور عوام دونوں سے اس متنازعہ فیصلے کے خلاف رجوع کریں گے۔