الیکشن کمیشن نے دودھ کی رکھوالی پر ’’بلا‘‘ بٹھا دیا ہے: شیخ رشید احمد

الیکشن کمیشن نے دودھ کی رکھوالی پر ’’بلا‘‘ بٹھا دیا ہے: شیخ رشید احمد

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھا دیا ہے، یہ 13 جماعتیں جو مرضی کر لیں عوام کے فیصلے کو روکنا پاکستان کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک گھمبیر، سنگین، اقتصادی، معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے گزر رہا ہے، ایسے موقع پر ایک ناپسندیدہ آدمی کو 60 فیصد آبادی والے صوبے کا نگران وزیراعلیٰ بنانا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ اس ملک کے عوام کی توہین کر رہے ہیں، جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں، ذلت اور رسوائی آپ کا مقدر ہے۔

سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا راستہ روکنے کے لئے جو آپ یہ سارے اقدام اٹھا رہے ہیں یہ آپ کے گلے پڑیں گے، عوام کی فتح ہوگی، پاکستان اور اسلام کی فتح ہوگی، آپ نیست و نابود ہوں گے اور آپ کے تمام ارادے ناکام ہوں گے، پاکستان کی قوم آپ کو شکست دے گی۔