پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ ضم اضلاع کے ترقیاتی فنڈز کے معاملات وزیر اعظم کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے کی موجودہ معاشی صورتحال اورمالیاتی امور کا جائزہ لیا گیا، حکام نے وفاق سے فنڈز کی منتقلی میں تاخیر اور بقایا جات کی عدم ادائیگی پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، پن بجلی کی مد میں وفاق کے ذمے 61.89 ارب روپے بقایا جات ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے فنڈز کی بندش کا معاملہ وفاقی حکومت کےساتھ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت موجودہ مالی صورتحال میں غیر ضروری اخراجات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔