محکمہ موسمیات کی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب میں بارش کی پیشگوئی

Published On 10 February,2023 10:07 am

اسلام آباد : (دنیانیوز) محکمہ موسمیات نے صوبہ خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں آج سے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اوکشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ پہاڑوں پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے ۔

محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان ، بالا ئی خیبر پختونخوا ، مری اور گلیات میں درمیانی سے شدید برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔ 

دوسری جانب آزادکشمیر میں بارش پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تھم گیا جبکہ وادی لیپا ، نیلم ویلی سمیت متعدد بالائی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوا ہے ، برفباری کی وجہ سے وادی لیپا ، گریس ویلی ، فاروڈ کہوٹہ حویلی کی شاہراہیں بدستور بند ہیں ، جس کے بعد بالائی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں آج کم سےکم درجہ حرارت لہہ میں منفی 07 ڈگری سینٹی گریڈ ، گوپس، کالام منفی 05، پارہ چنار منفی 04 ، استور، اسکردو، بگروٹ منفی 03، ہنزہ اور مالم جبہ منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔