اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم سے پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی، شہباز شریف نے خیموں کے معیار کے تعین کیلئے وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ بھیجے جانے والے خیموں کا بین الاقوامی معیار یقینی بنایا جائے، فوری طور پر ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پریزیڈنسی سے درکار خیموں کی خصوصیات کے حوالے سے مشاورت کی جائے، ترکیہ میں خیموں کی فوری ضرورت پوری کرنے کیلئے فضائی راستے سے خیمے بھیجے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: وزیراعظم
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان سے بھیجے جانے والے خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی جائے، پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکار اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انہوں نے اپیل کی کہ ترکیہ کے بہن بھائیوں کی مدد کی خاطر خیمہ سازی کے صنعتکار حکومت کو کم نرخوں پر خیمے فراہم کریں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے خوراک، گرم کپڑے اور خشک دودھ بھیج رہا ہے، پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات دہائیوں پر مبنی ہیں، پاکستان کی معاشی مشکلات کے باوجود ہم ترکیہ کے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔