اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے میونخ میں انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے سربراہ ڈاکٹر کمفرٹ ایرو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے انسانیت کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے مربوط طرز عمل اپنانے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے امریکی رکن کانگریس لنزے گراھم کی سربراہی میں آئے دیگر ارکان کے وفد سے بھی ملاقات کی، دونوں وفود نے عالمی اور تذویراتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دریں اثنا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاوسٹو سے ملاقات کی، دونوں وزرائے خارجہ نے صحت، تعلیم، تجارت اور ماحولیاتی تغیر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
بلاول بھٹو کی جانب سے اسلام آباد میں فن لینڈ کا سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا خیر مقدم کیا گیا، دونوں وزراء نے باہم تعلقات کی آبیاری کے لئے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔