لاہور: (دنیا نیوز: انویسٹی گیشن سیل) کورونا وائرس کی عالمی وبا کو پاکستان میں آئے تین سال مکمل ہو گئے، اس تمام عرصے کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے 15 لاکھ 76 ہزار 795 افراد متاثر ہوئے، جن میں 30 ہزار 641 افراد ہلاک جبکہ 15 لاکھ 45 ہزار 651 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، وباء سے بچاؤ کیلئے ملک میں ابتک 3 کروڑ 14 لاکھ 9 ہزار 618 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، اس وقت ملک میں 503 کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز موجود ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2020ء میں 4 لاکھ 49 ہزار 715 کورونا وائرس کے کیسز رجسٹر ہوئے، جن میں سے 10 ہزار 105 افراد کی ہلاکت ہوئی، 4 لاکھ 35 ہزار 73 کورونا مریض صحت یاب ہوئے جبکہ اس سال 34 ہزار 537 ایکٹیو کیسز تھے، اسی طرح سال 2021ء میں 8 لاکھ 15 ہزار 661 کورونا وائرس کے کیسز رجسٹر ہوئے، 18 ہزار 822 افراد کی ہلاکت ہوئی، 7 لاکھ 86 ہزار 834 کورونا مریض صحت یاب ہوئے جبکہ اس سال 10 ہزار 5 ایکٹیو کیسز تھے، سال 2022ء میں 2 لاکھ 80 ہزار 409 کورونا وائس کے کیسز رجسٹر ہوئے، 1 ہزار 709 افراد کی ہلاکت ہوئی، 2 لاکھ 72 ہزار 252 کورونا مریض صحت یاب ہوئے جبکہ اس سال 6 ہزار 448 ایکٹیو کیسز تھے۔
پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020ء کو ہوئی تھی جب کراچی اور اسلام آباد میں ایک ایک شخص کورونا مثبت آیا، اسی طرح کورونا وائرس سے ملک میں پہلی موت 18 مارچ 2020ء کو ہوئی، 26 مارچ 2020ء کو پشاور اور مردان میں ایک ایک شخص کورونا وائرس سے ہلاک ہوا جس کے بعد ہر روز ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوا تاہم 23 مارچ 2022ء کا تاریخی دن تھا جب ملک میں کورونا وائرس کی آمد کے بعد سے پہلی بار کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
صوبائی سطح پر کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رجسٹر ہوئے جہاں 5 لاکھ 95 ہزار 710 افراد کو کورونا وائرس ہوا جبکہ 8 ہزار 254 افراد کی ہلاکت ہوئی، پنجاب میں 5 لاکھ 23 ہزار 774 افراد کی کورونا وائرس سے ہلاکت ہوئی جبکہ 13 ہزار 618 افراد کی ہلاکت ہوئی، اسی طرح خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 225 ہزار 76 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 6 ہزار 376 افراد کی ہلاکت ہوئی، صوبہ بلوچستان میں 36 ہزار 46 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 378 افراد کی ہلاکت ہوئی، آزاد جموں و کشمیر میں 44 ہزار 341 افراد کو کورونا وائرس ہوا، جن میں سے 793 کی ہلاکت ہوئی، گلگت بلتستان میں 12 ہزار 93 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور 191 افراد کی اس وبا سے ہلاکت ہوئی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 1 لاکھ 39 ہزار 755 افراد کورونا وائرس کی وباء میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے 1 ہزار 31 افراد کی ہلاکت ہوئی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی پہلی لہر اپریل 2020ء کو شروع ہوئی جس میں 6 ہزار 795 افراد کی جانیں گئیں، جبکہ 3 لاکھ 32 ہزار 186 افراد متاثر ہوئے، ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر 28 اکتوبر 2020ء کو سامنے آئی، جب ملک میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 6 ہزار سے 11 ہزار پر پہنچ گئی، 17 مارچ 2021ء کو کورونا وائرس کی تیسری لہر سامنے آئی، جب 10 فیصد مثبت شرح کے ساتھ کورونا وائرس کے روزانہ سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
کورونا وائرس پر بروقت قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے 3 فروری 2021ء کو کورونا وائرس ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا گیا، اس مہم کے تحت حکومت کی جانب سے 13 کروڑ 24 لاکھ 90 ہزار 368 افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے، 13 کروڑ 97 لاکھ 37 ہزار 505 کورونا ویکسین کی سنگل ڈوز لگائی گئیں، جبکہ 5 کروڑ 1 لاکھ 33 ہزار 746 افراد کو کورونا وائرس ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔