اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو نوٹس جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق فواد چودھری کو نوٹس ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے خلاف ٹوئٹ پر انکوائری کیلئے جاری کیا گیا ہے، ایف آئی اے سائبر کرائم نے فواد چودھری کو 17 مارچ کو طلب کر لیا۔
سائبر کرائم میں فواد چودھری کے خلاف اسلام آباد کے رہائشی محمد ہارون نے درخواست دی تھی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چودھری نے مریم نواز پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا جھوٹا الزام عائدکیا، فواد چودھری نے 12 مارچ کو شب 9 بجکر 42 منٹ پر اشتعال انگیز اور جھوٹا ٹوئٹ جاری کیا جس میں پرائیویسی قانون کی خلاف ورزی کی گئی، ٹوئٹ کے ذریعے مریم نواز کے خلاف عوام کو بھڑکایا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری ہوچکا ہے اس میں مریم نواز کے گھڑی لینے کا کوئی ذکر نہیں، دھمکی آمیز اور قانون کے منافی ٹوئٹ کرنے پر فواد چودھری کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز کی ٹوئٹر پر دھمکی کے گھنٹوں کے اندر ایف آئی اے نے میرے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا، اس ملک میں شہری حقوق مکمل طور پر معطل ہوچکے ہیں، سپریم کورٹ کی ان معاملات پر خاموشی تباہ کن ہے، چیف جسٹس صاحب معاملات پر خاموشی آئین کو معطل کرنے کی منظوری ہوگی۔