دینہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سیاست ختم ہو چکی ہے اب یہ لوگ مقدمہ بازی پر اتر آئے ہیں، انہوں نے مجھ پر 7 ، عمران خان پر 82 مقدمات درج کیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختصر نوٹس پر حلقہ پی پی 25 اور 26 سے کاغذات نامزدگی یہاں پر جمع کرا رہا ہوں، انشااللہ پوری پی ٹی آئی الیکشن کے لیے متحرک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست کے اوپر اس وقت بین ڈالنے والے سارے اکٹھے ہو گئے ہیں، وہ سارے لوگ جن کی اس وقت کوئی سیاست نہیں عوام کے اوپر ظلم اور جبر سے حکومت کرنا چاہ رہے ہیں۔
— M shahbaz butt (@shahbazbutt78) March 13, 2023
فواد چودھری نے کہا کہ رات کو میرے اوپر ساتویں ایف آئی آر دی گئی ہے اور عمران خان کے اوپر اس وقت تک 82 کیس کر دئیے گئے ہیں، اگر سیاسی لوگ ہوں تو وہ سیاست کے میدان میں مقابلہ کریں، سامنے آئیں اور ووٹ سے فیصلہ کریں لیکن ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے دیکھا یہ اتنے احمق ہیں کہ 15 مہینے توشہ خانہ کے اوپر بیانیہ بنایا، یہ گوئنگ لیگ کی اپنی لسٹیں بھی تو سامنے آئی ہیں، رات کو جو توشہ خانہ کی لسٹیں سامنے آئی ہیں وہ ایک ڈے لائٹ رابری ہے جو شریف اور زرداری فیملی نے پاکستانی خزانے پر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کیخلاف ٹوئٹ، ایف آئی اے سائبر کرائم نے فواد چودھری کو طلب کر لیا
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مریم نواز نے پائن ایپل کے ڈبے تک نہیں چھوڑے، کچن کے مصالحے اور چمچے تک ساتھ لے گئی ہے اور 15 مہینوں سے انہوں نے عمران خان کے خلاف اربوں روپے کے اشتہارات دئیے، میں سمجھتا ہوں کہ ن لیگ کو معافی مانگنی چاہئے عمران خان سے اور بشریٰ بیگم سے، ان کو توبہ کرنی چاہئے کہ آئندہ ایسی حرکتوں میں ملوث نہیں ہوں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ظل شاہ کا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر بہیمانہ قتل کیا گیا، اب یہ کہتے ہیں کہ جو آواز اٹھا رہے ہیں ان کے اوپر ہم پرچے دینگے اور پھر یہ نئے نئے پرچے دے رہے ہیں، جنرل سیکرٹری ارسلان پی ٹی آئی کو جس طرح سے اغوا کیا گیا، جس طریقے سے پی ٹی آئی کے ورکرز کو اٹھایا جا رہا ہے ظلم اور دہشت کی ایک فضا بنانے کی کو شش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے بہیمانہ تشدد کو حادثہ قرار دے کر کور اَپ کرنے کی کوشش کی، فواد چودھری
انہوں نے کہا کہ میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ کبھی کوئی عوام کی طاقت کے سامنے بھی کھڑا ہو سکا ہے؟ الٹی میٹ فیصلہ عوام نے کرنا ہے اور انشااللہ تعالیٰ آپ دیکھیں گے کہ پاکستان میں ہم نظام بدل کر حالات بدلیں گے۔