کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ آدھی رات کو رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، حسان نیازی کی غیرقانونی گرفتاری پرعدلیہ سے نوٹس لینے کی درخواست ہے۔
اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ حسان نیازی کی گرفتاری قابل مذمت ہے، حکمرانوں کی پی ٹی آئی کے خلاف مسلسل انتقامی کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، وفاق میں مافیاز اور پنجاب میں ان کے فرنٹ مینوں کی حکومت ہے، امپورٹڈ حکومت نے اپنی حرکتوں سے آمروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، کٹھ پتلی حکومت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔
تحریک انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے بھی حسان نیازی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے ضمانت کے باوجود پولیس نے اغوا کیا ہے، اسلام آباد پولیس اس وقت رانا ثناء اللہ کی غلامی کر رہی ہے، انتقام کی سیاست میں عدلیہ کے احکامات کی توہین شرمناک ہے، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ظاہر کرتے ہیں کہ یہ ڈرے ہوئے ہیں۔